مورخہ: 25.4.2016 بروز پیر

حاجی غلام احمد بلور کی نامور دانشور صابر حسین امداد اور ان کی بہو کی ٹارگٹ کلنگ کی شدید مذمت
ایسے افسوسناک واقعات اب معمول بن چکا ہے، عوام بد ترین عدم تحفظ کا شکار ہو گئے ہیں۔
پوراشہر اور صوبہ مسلسل ٹارگٹ کلنگز کی لپیٹ میں ہے ، حکومت قاتلوں کو گرفتار کرے۔

پشاور (پریس ریلیز) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدراور رکن قومی اسمبلی حاجی غلام احمد بلور نے گلبہار پشاور میں نامور دانشور صابر حسین امداد اور اُن کی بہو کی ٹارگٹ کلنگ کے ذریعے شہادت پر انتہائی دُکھ اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر اور پورے صوبے میں اس قسم کے واقعات میں اضافہ انتہائی خطرناک ہے تاہم حکومت کو اپنی ذمہ داریوں اور فرائض کا کوئی احساس نہیں ہے جس کے باعث عوام بدترین عدم تحفظ کا شکار ہو گئے ہیں۔
اے این پی سیکرٹریٹ سے جاریکردہ مذمتی بیان میں اُنہوں نے واقعے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹارگٹ کلنگ سمیت بدامنی کی بڑھتی لہرنے سیکیورٹی سے متعلق حکومتی دعوؤں کو غلط ثابت کر دیا ہے اور روزانہ کی بنیاد پر ایسے واقعات اب معمول بن چکا ہے جس کے باعث عوام بدترین نوعیت کے عدم تحفظ کا شکار ہو گئے ہیں اور حکومت پرسے ان کا اعتماد اُٹھ چکا ہے۔
سابق وفاقی وزیر نے متاثرہ خاندان سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے حکومت سے قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا اور کہا کہ حکومت ٹارگٹ کلنگ کے سلسلے کا سختی سے نوٹس لیکر عملی اقدامات اُٹھائیں۔