مورخہ 27مئی2016ء بروز جمعہ

جماعت اسلامی کا ٹرین مارچ اپنی ہی بدعنوانی کو چھپانے کی ناکام کوشش ہے، زاہد خان
بد عنوانی کی بنیاد رکھنے والے آمروں کی شراکت دار جماعت نے سب سے ذیادہ لوٹ مار کی ہے
جماعت اسلامی نے ہمیشہ جمہوری قوتوں کی پیٹھ میں چھرا گھونپا اور بین الا قومی آلہ کاربنی رہی
پروفسیر خورشید احمد پر ضیاء الحق دور میں لیز پر لئے گئے پلاٹوں کی فروخت ثابت ہو چکی ہے ۔

پشاور ( پ ر ) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی ترجمان زاہد خان نے کہا ہے کہ بد عنوانی کی بنیاد رکھنے والے آمروں کی حصے دار اور شراکت دار جماعت اسلامی نے سب سے ذیادہ لوٹ مار کی ہے۔قیام پاکستان کے دور کے مہاجرکیمپوں سے لے کر افغان مہاجر کیمپوں تک امریکہ و یورپ سے آنے والی امداد کے علاوہ ناگہانی آفات میں بھی بیرونی امداد کو کھلے عام فروخت کر کے اربوں کھربوں روپے ہڑپ کرنے والی جماعت اسلامی کے سائیکل بردار ہر آمر وقت کے دست وبازو بن کر آج ملک کے ہر بڑے شہر میں ہاؤسنگ سوسائٹیاں چلا رہے ہیں ، اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے ہمیشہ جمہوری قوتوں کی پیٹھ میں چھرا گھونپا اور بین الا قومی آلہ کاربنی رہی جبکہ پاکستان کی سرحدوں کے علاوہ اندرون ملک بھی گھناؤنا کردار ادا کیا،انہوں نے کہا کہ یورپ اور امریکہ کے ایجنڈے کو آگے بڑھا کر مالی فوائد کے علاوہ یورپ و امریکہ میں جماعت اسلامی کی مرکزی قیادت کی خواتین اور بچوں کی شہریت حاصل کرنے والی قیادت کس منہ سے پاکستانی عوام سے حمایت مانگ رہی ہے،زاہد خان نے کہا کہ جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق خود خیبر پختون خواہ اسمبلی کے بد عنوان ممبران کے ووٹوں سے ممبر سینیٹ بنے اور صوبہ خیبر پختون خواہ کی پوری کابینہ میں جماعت اسلامی ،پی ٹی آئی اور قومی وطن پارٹی ایک دوسرے پربد عنوانی کے الزامات لگاتے رہتے ہیں،انہوں نے کہا کہ صوبہ خیبر پختون خواہ میں جماعت اسلامی کے وزیر پر خیبر بنک ہڑپ کرنے کا الزام ہے اور جماعت اسلامی کے امیر بد عنوانی کے خلاف ٹرین مارچ کر کے در حقیقت اپنی جماعت کی بد عنوانی چھپانا چاہتے ہیں۔زاہد خان نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے اجلاس میں جماعت اسلامی کے سب سے ذیادہ نیک اور پارسا نائب امیر پروفسیر خورشید احمد پر ضیاء الحق دور میں لیز پر لئے گئے پلاٹوں کی فروخت ثابت ہو چکی ہے ۔سراج الحق کی طرح پروفیسر خورشید بھی روزانہ بد عنوانی کے خلاف تقاریر کرتے اور لیکچر دیتے ہیں۔زاہد خان نے کہا کہ جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق سب سے پہلے ایوب خان ،یحیی خان، ضیاء الحق ، پرویز مشرف کے مارشل لاؤں کی حمایت کے بدلے مالی فوائد حاصل کرنے والی جماعت اسلامی کے نیک اور پارسا سابق امراء اور ان کے رفقاء کے خلاف کاروائی کا آغاز کریں اور ہر انتخابات میں جمہوری قوتوں کے خلاف قبضہ گروپوں اور بد عنوان عناصر کو ووٹ دے کر مالی فوائد حاصل کرنے کی بھی وضاحت کریں۔