مورخہ 10اپریل2016ء بروز اتوار
تحریک انصاف مہذب طریقے سے صوبے کے وسائل لوٹ رہی ہے، سردار حسین بابک
دہشت گردی سے نجات کیلئے پوری قوم دست بدعا ہے ،تاہم ٹارگٹ کلنگ کے واقعات افسوس ناک ہیں
صوبائی حکومت نان ایشوز پر اپنے آپ کو چمپیئن بنانے کی ناکام کوشش کر رہی ہے
*
پشاور ( پ ر ) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری و پارلیمانی لیڈر سردار حسین بابک نے کہا ہے کہ دہشت گردی سے نجات کیلئے پوری قوم دست بدعا ہے ،تاہم صوبہ بھر میں روزانہ کی بنیاد پر ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری کے واقعات افسوس ناک اور مایوس کن ہیں، اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے واقعات میں اضافے نے قوم کو نہ صرف مایوس کر دیا ہے بلکہ یہ واقعات اب شکوک و شبہات پیدا کر رہے ہیں ، انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت لاء اینڈ آرڈر کو کوئی مسئلہ ہی نہیں سمجھتی اور نہ ہی ان لوگوں میں اتنی اخلاقی جرأت ہے کہ ان واقعات سے متاثر ہونے والوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار اور ان کی داد رسی کر سکیں، انہوں نے کہا کہ صوبے کے تمام تاجر پیشہ اور سفید پوش لوگوں کو روزانہ دھمکی آمیز ٹیلی فون کالز موصول ہو رہی ہیں اور ان سے کروڑوں روپے بھتہ طلب کیا جا رہا ہے جبکہ رقم نہ دینے کی صورت میں انہیں ٹارگٹ کلنگ کے ذریعے قتل کیا جا رہا ہے ،انہوں نے کہا کہ صوبے میں جنگل کا قانون ہے اور عوام کی جان و مال کسی صورت محفوظ نہیں ہے ،انہوں نے عمران خان سے سوال کیا کہ ان کی حکومتی رٹ کہاں ہے اور ان کے جھوٹے وعدے اور دعووں کا کیا ہوا ،سردار حسین بابک نے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ عمران خان قوم کے قاتلوں کو بھائی کا درجہ دیتے ہیں ، انہوں نے کہا کہ صوبے سے صاحب استطاعت اور کاروباری طبقے کا بہت زیادہ حصہ دہشت گردی بھتہ خوری اور ٹارگٹ کلنگ کی وجہ سے ہجرت کر چکا ہے ، انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نان ایشوز پر اپنے آپ کو چمپیئن بنانے کی ناکام کوشش کر رہی ہے لیکن غریب اور معصوم پختونوں کی زندگی اور موت سے انہیں کوئی سروکار نہیں اور نہ ہی یہ مسئلہ ان کی ترجیحات میں شامل ہے ،صوبائی جنرل سیکرٹری نے کہا کہ عمران خان پاکستان کے دیگر حصوں میں اپنی حکومت کی مثالیں دے رہے ہیں تاہم دہشت گردی کے مسئلے پر ان کی خاموشی ہزاروں شہداء کے لواحقین اور دہشت گردی سے متاثرہ خاندانوں کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے ،انہوں نے کہا کہ ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت تحریک انصاف بڑے مہذب طریقے سے صوبے کے وسائل لوٹ رہی ہے اور دوسری طرف ان کے بھائی بندوق کی نوک پر پختونوں کو یرغمال بنانے کے درپے ہیں۔