مورخہ 6مئی2016ء بروز جمعہ

بنوں سے لاہور کیلئے فلائٹ آپریشن کا اعلان مضحکہ خیز ہے ،حاجی محمد عدیل
پشاور کے باچا خان ایئر پورٹ سے لاہور کیلئے فلائٹ آپریشن گزشتہ تین سال سے بند ہے،
وفاقی حکومت مخلص ہے تو سب سے پہلے پشاور سے لاہور کیلئے فلائٹس شروع کرنے کا اعلان کرے۔

پشاور ( پ ر ) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما حاجی محمد عدیل نے وزیر اعظم کی جانب سے بنوں میں ایئر پورٹ کے قیام اور بنوں سے بیرون ملک و خصوصاً لاہور کیلئے فلائٹس کے اعلان کو خوش آئند قرار دیا ہے تاہم انہوں نے اس بات پر حیرت کا اظہار کیا کہ مرکزی حکومت سے پشاور کے باچا خان ایئر پورٹ سے لاہور کیلئے فلائٹس پچھلے تین سال سے بند کر رکھی ہیں ، جبکہ بنوں کے عوام کو سہانے خواب دکھائے جا رہے ہیں ، انہوں نے کہا کہ اگر وزیر اعظم واقعی عوام کے ساتھ مخلص ہیں تو سب سے پہلے پشاور سے لاہور کیلئے فلائٹ آپریشن شروع کرنے کا اعلان کریں ، حاجی محمد عدیل نے کہا کہ نواز حکومت نے خیبر پختونخوا سے مینڈیٹ نہ ملنے کی سزا یہاں کے عوام کو دی اور انہیں مختلف حربوں سے پریشان کئے رکھا ، انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے بھی اس ایشو پر آنکھیں بند کر رکھی ہیں،انہوں نے مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا کہ بنوں کے عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے سے قبل پشاور سے لاہور کیلئے فلائٹ آپریشن شروع کرے تا کہ پشاور اور صوبے کے دیگر علاقوں سے تعلق رکھنے والے مسافر سکھ کا سانس لے سکیں۔