مورخہ : 28.3.2016 بروز پیر

باچا خان مرکز میں مصالحتی جرگہ ، فائرنگ کے ملزم کو معاف کر دیاگیا۔

 بیسرکنی جرگے کی باچا خان مرکز آمد ، پارٹی کے مرکزی و صوبائی قائدین سے فائرنگ واقعہ پر معذرت
باچا خان مرکز تمام پختونوں کاگھرہے اور اس کا تقدس بحال رکھنا سب کی ذمہ داری ہے۔میاں افتخار حسین

پشاور( پریس ریلیز ) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل میاں افتخار حسین نے کہا ہے کہ باچا خان مرکز تمام پختونوں کا گھرہے اور اس کا تقدس بحال رکھنا سب کی ذمہ داری ہے۔ یہ بات اُنہوں نے باچا خان مرکز میں رضاء اللہ خان ، میاں سخاوت شاہ ، ڈاکٹر اسرار کی سربراہی میں 20 رکنی مصالحتی جرگہ سے ملاقات کے دوران کہی۔ یہ جرگہ گزشتہ دنوں باچا خان مرکز کے گیٹ پرہونے والی فائرنگ کے حوالے سے منعقد کیا گیا۔جرگہ کے ارکان نے فائرنگ کے اس واقعہ پر معذرت کی اور پارٹی کو یقین دہانی کرائی کہ آئندہ اس سلسلے میں مکمل احتیاط سے کام لیا جائیگا اور باچا خان مرکز کا تقدس بحال رکھنے کیلئے کوششیں کی جائیں گی۔
اس موقع پر میاں افتخار حسین کے ہمراہ صوبائی جنرل سیکرٹری سردار حسین بابک ، ارباب محمد طاہر خان اور مختیار خان ایڈوکیٹ بھی موجود تھے۔ ملاقات میں جرگہ کی طرف سے معافی نامہ پیش کیا گیاجبکہ میاں افتخا ر حسین نے معافی نامہ قبول کرتے ہوئے ملزم کو معاف کر دیا۔ جرگہ مشران نے فراخدلی کا مظاہرہ کرنے پر میاں افتخار حسین اور عوامی نیشنل پارٹی کا شکریہ ادا کیا۔
جرگے سے بات چیت کرتے ہوئے میاں افتخار حسین نے کہا کہ باچا خان مرکز پر فائرنگ کے واقعے سے اے این پی سمیت تمام پشتونوں کو بہت صدمہ پہنچا تھا کیونکہ ہماری ذات اور گھر ہمارے لیے ثانوی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ مگر باچا خان مرکز ہمارے لیے غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے کیونکہ باچا خان عدم تشدد اور امن کے سیمبل رہے ہیں اور وہ پشتونوں اور دُنیا کے لیے اپنی تعلیمات اور جدوجہد کے باعث عالمی سطح کے امیج کے حامل رہے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ ہم لمبے عرصے سے دہشتگردی کے ماحول سے گزرتے آرہے ہیں اور اب تک ہمارے سینکڑوں ساتھی شہید کیے جا چکے ہیں۔ اس کے باوجود ہم نے کسی کے ساتھ ذاتی دُشمنی نہیں نبھائی کیونکہ یہ ایک مائنڈ سیٹ کی جنگ ہے اور ہم باچا خان کی تعلیمات کے مطابق سیاسی جدوجہد پر یقین رکھتے آئے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ پشتون معاشرے میں جرگے کی اپنی ایک اہمیت ہے اس لیے ہم اسی تناظر میں جرگے کی معذرت اور محرکین کی معافی قبول کرتے ہیں۔ اُنہوں نے کہا باچا خان مرکز کا تحفظ سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے اورہم سب سے تعاون کی توقع رکھتے ہیں۔