مورخہ : 2.3.2016 بروز بدھ

اے این پی کے مرحوم لیڈر ارباب سکندر خان خلیل کی 34 ویں برسی 7مارچ کو منائی جائیگی۔
پارٹی کے مرکزی و صوبائی قائدین مرحوم لیڈر کی خدمات اور جدوجہد کو خراج عقیدت پیش کریں گے اور قبر پر پھولوں کی چادریں چڑھائیں گے۔

پشاور ( پریس ریلیز) عوامی نیشنل پارٹی کے مرحوم لیڈر اور سابق گورنر ارباب سکندر خان خلیل کی 34 ویں برسی 7مارچ کو پورے اہتمام کیساتھ پشاور میں منائی جائیگی جس میں پارٹی کے مرکزی ،صوبائی قائدین اور کارکن مرحوم لیڈر کی سیاسی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرینگے۔
اے این پی سیکرٹریٹ سے جاریکردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ مرحوم ارباب سکندر خان خلیل شہید کی 34 ویں برسی کی مناسبت سے 7 مارچ کو دن 2 بجے تہکال میں واقع اُن کے حجرے میں ایک اجتماع کا انعقاد کیا جائیگا۔ اس موقع پر پارٹی کے مرکزی ، صوبائی رہنما خطاب کریں گے جبکہ مرحوم لیڈر کی قبر پر پھولوں کی چادریں بھی چڑھائی جائیں گی۔
ارباب سکندر خان خلیل صوبے کے مایہ ناز قوم پرست لیڈروں کی فہرست میں بہت نمایاں رہے ہیں۔ ان کا شمار خان عبدالولی خان کے بااعتماد اور قریبی ساتھیوں میں ہوتا ہے۔ ستر کی دہائی میں وہ نیشنل عوامی پارٹی کی نمائندگی پر صوبے کے گورنر بنائے گئے جس کے دوران اُنہوں نے اپنے قلندرانہ مزاج کے باعث کارکنوں کے علاوہ عوام میں بھی بہت شہرت پائی اور ان کا شمار صوبے کے مقبول ترین گورنرز اور سیاسی قائدین میں ہونے لگا۔
وہ عمر بھر اپنی تحریک اور پارٹی کے ساتھ وابستہ رہے اور انتہائی قدر اور عزت کی نگاہ سے دیکھے جاتے رہے۔