مورخہ 8فروری 2016ء بروزپیر

ایل آر ایچ میں کروڑوں کی کرپشن نے انصاف کی قلعی کھول دی ہے، ہارون بشیر بلور
ہسپتالوں میں غریب مریضوں کو صحت کی بنیادی سہولیات فراہم کر نے کی بجائے ان کے حقوق غصب کئے جا رہے ہیں
عمران خان ہسپتالوں کی نجکاری کیلئے تو سرگرم تاہم کرپشن اور غریب عوام کے حقوق کی پامالی پر خاموش ہیں

پشاور ( پ ر ) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات ہارون بشیر بلور نے لیڈی ریڈی ہسپتال میں ہونے والی کروڑوں روپے کی کرپشن پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے صوبائی حکومت کی نا اہلی قرار دیا ہے ، اے این پی سیکرٹریٹ سے جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ’’ کرپشن فری‘‘ پاکستان کا نعرہ لگانے والوں کی کرپشن کھل کر عوام کے سامنے آگئی ہے ، انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں میں غریب مریضوں کو صحت کی بنیادی سہولیات فراہم کر نے کی بجائے ان کے حقوق غصب کئے جا رہے ہیں جو صوبے کی تاریخ کی بد ترین مثال ہے، ہارون بلورنے کہا کہ غریب مریضوں کے مفت علاج کیلئے زکوۃ بیت المال سے ملنے والی رقوم لوٹنے والوں کے خلاف سخت کاروائی کی جانی چاہئے ، انہوں نے کہا کہ عمران خان ہسپتالوں کی نجکاری کیلئے تو سرگرم ہیں تاہم ان ہسپتالوں میں ہونے والی کرپشن اور غریب عوام کے حقوق کی پامالی پر کیوں خاموش ہیں ، ترجمان نے کہا کہ اے این پی نے اپنے دور اقتدار میں تعلیم اور صحت کے حوالے سے جو انقلابی اصلاحات کیں وہ اپنی مثال آپ ہے ، انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت اور اس کے تمام وزراء اور مشیروں کی توجہ صرف درخت لگانے پر مرکوز ہے اور عوامی مسائل کو پس پشت ڈال دیا گیا ہے،انہوں نے مطالبہ کیا کہ ہسپتالون میں نظام کو شفاف بنانے اور غریب مریضوں کو صحت کی سہولیات کی فراہمی کیلئے مناسب ٹھوس اور سنجیدہ اقدامات کئے جائیں ۔