مورخہ : 16.3.2016 بروز بدھ

امیر حیدر خان ہوتی کی سرکاری ملازمین کی بس میں ہونے والے دھماکے کی مذمت
دہشت گرد پاگلوں کی طرح عام نہتے شہریوں کو نشانہ بنارہے ہیں ۔
موجودہ حکومت شہریوں کی جان ومال کی حفاظت میں ناکام ہوچکی ہے۔

پشاور( پریس ریلیز ) اے این پی کے صوبائی صدر اور سابق وزیراعلیٰ امیرحیدرخان ہوتی ایم این اے نے پشاور میں سرکاری ملازمین کے بس میں دھماکے کی پرزور الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے شہید ہونے والے شہریوں کی بلندی درجات او رزخمیوں کی جلدصحت یابی کی دعاکرتے ہوئے اسے انسانیت سوز واقعہ قراردیاہے اورکہاہے کہ بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانے والے وحشی درندے ہیں اوروہ کسی طرح انسان کہلانے کے مستحق نہیں۔
اے این پی سیکرٹریٹ سے جاری کردہ ایک بیان میں امیرحیدرخان ہوتی نے کہاکہ پختون قوم کو ہر طرف مصائب او رآزمائشوں نے گھیر رکھاہے۔ دہشت گرد اپنے مذموم عزائم کے لئے مسلسل اس خطے کو استعمال کررہے ہیں اوربے گناہ شہریوں کو نشانہ بنارہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ آپریشن ضرب غصب کی کامیابی اور قومی یکجہتی کے باعث دہشت گردوں کی کمرٹوٹ چکی ہے اور اب وہ پاگلوں کی طرح عام نہتے شہریوں کو نشانہ بنارہے ہیں ۔سابق وزیراعلیٰ نے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ اور خطے میں امن کے قیام کے لئے عوامی نیشنل پارٹی نے اپنے سینکڑوں کارکنوں کی قربانیاں دی ہیں موجودہ حکومت شہریوں کی جان ومال کی حفاظت میں ناکام ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہاکہ اب وقت آ گیا ہے کہ مرکزی و صوبائی حکومتیں اور فوج مل بیٹھ کر ایسے اقدامات کریں اورقومی ایکشن پلان پر مکمل عمل درآمد کیاجائے جس سے خیبر پختونخوا کے عوام کی جان و مال کو محفوظ بنانے کیلئے خصوصی منصوبہ بندی کی جا سکے۔ انہوں نے دھماکے میں شہید ہونے والے افراد کی بلندی درجات اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دُعا کرتے ہوئے ان کے سرکاری علاج ومعالجے کی ضرورت پرزوردیاہے ۔ امیرحیدرخان ہوتی نے متاثرہ اہل خانوں سے دلی تعزیت اور دکھ درد کا اظہا رکیاہے۔