مورخہ 18مئی2016ء بروز بدھ

امیر حیدر خان ہوتی اور سردار حسین بابک کی متھرا دھماکوں کی مذمت
صوبے میں امن و امان کی صورتحال انتہائی مخدوش ہے، دہشت گرد کرائے کے قاتل ہیں
زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کی جائے اور گھناؤنے جرم میں ملوث عناصر کو گرفتار کیا جائے۔

پشاور( پ ر ) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر امیر حیدر خان ہوتی اور صوبائی جنرل سیکرٹری سردار حسین بابک نے متھرا میں ہونے والے بم دھماکوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے واقعے میں ایک پولیس اہلکار کی شہادت پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ، اے این پی سیکرٹریٹ سے جاری مذمتی بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ شہریوں کی جان و مال داؤ پر لگے ہوئے ہیں اور صوبے میں امن و امان کی صورتحال انتہائی مخدوش ہے ، پارٹی رہنماؤں نے کہا کہ لوگوں کو تحفظ فراہم کرنا حکومت کی اولیں ترجیح ہونی چاہئے تا کہ شہری سکھ کا سانس لے سکیں ، انہوں نے کہا کہ دہشت گرد کرائے کے قاتل ہیں اوران کا کسی مذہب سے کوئی تعلق نہیں ،انہوں نے جاں بحق ہونے والے اہلکار کی مغفرت اور واقعے میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی، پارٹی رہنماؤں نے صوبائی حکومت اور ہسپتال انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ زخمیوں کو بہترین طبی امداد کی فراہمی کیلئے اقدامات کئے جائیں ، اور اس گھناؤنے جرم میں ملوث عناصر کو گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دی جائے۔