مورخہ : 22.4.2016 بروز جمعہ

امیر حیدر خان ہوتی اور سردار حسین بابک کی سردار سورن سنگھ کی ٹارگٹ کلنگ کی شدید مذمت
ٹارگٹ کلنگ کے جاری سلسلے نے عوام اور سیاسی عہدیداران ، کارکنوں کو شدید تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔

پشاور ( پریس ریلیز ) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر امیر حیدر خان ہوتی اور صوبائی جنرل سیکرٹری سردار حسین بابک نے بونیر میں وزیر اعلیٰ کے مشیر اور ممبر صوبائی اسمبلی سردار سورن سنگھ کی ٹارگٹ کلنگ کے واقعے پر انتہائی افسوس اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔
اے این پی سیکرٹریٹ سے جاری کردہ مذمتی بیان میں دونوں رہنماؤں نے کہا ہے کہ سردار سورن سنگھ نہ صرف یہ کہ ایک پارلیمنٹیرین اور عوام کے حقیقی نمائندے تھے بلکہ وہ ایک ملنسار انسان بھی تھے اور اُن کے بہیمانہ قتل سے صوبے کے عوام اور اقلیتوں کو شدید دُکھ پہنچا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ ملاکنڈ ڈویژن سمیت صوبے کے مختلف علاقوں میں سیاسی عہدیداران اور کارکنوں کی ٹارگٹ کلنگ کے سلسلے میں خطرناک اضافے نے بہت سے سوالات کو جنم دے رکھا ہے اور عوام کے علاوہ سیاسی حلقے شدید تشویش میں مبتلا ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ حکومت اور سیکیورٹی فورسز کو اس سلسلے کا سنجیدگی اور سختی کیساتھ نوٹس لینا چاہیے۔
دونوں رہنماؤں نے سردار سورن سنگھ کے خاندان اور رفقاء کیساتھ اظہار ہمدردی کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اے این پی دُکھ اور تکلیف کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندان کے دُکھ میں برابر کی شریک ہے۔