مورخہ : 1.6.2016 بروز بدھ

اسفندیارولی خان کا بھارتی وزیر خارجہ کو خط ، لاپتہ پاکستانی بچے کی واپسی کیلئے اپیل
چارسدہ سے لاپتہ پانچ سالہ بچے کی پاکستان واپسی کیلئے قانونی تقاضے پورے کیے جائیں۔
سینیٹر الیاس احمد بلور کا بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو ٹیلیفون، لاپتہ بچے کی صورتحال سے آگاہ کیا۔

پشاور (پریس ریلیز) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیار ولی خان نے اسلام آباد میں متعین بھارت کے ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کے ذریعے بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج کو خط لکھا ہے جس میں اُنہوں نے اپیل کی کہ جون 2014 میں چارسدہ سے لاپتہ ہونے والے پانچ سالہ بچے طفیل اسماعیل ولد ظفر علی کی پاکستان واپسی کیلئے قانونی تقاضے پورے کیے جائیں اور بچے کو جلد از جلد اُس کے والدین کے حوالے کرنے کیلئے اقدامات اُٹھائے جائیں۔ دریں اثناء سینٹ میں اے این پی کے پارلیمانی لیڈر سینیٹر الیاس بلور نے بھی بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو ٹیلیفون کر کے صورتحال سے آگاہ کیا ہے جبکہ پارٹی کی مرکزی نائب صدر بشریٰ گوہر اور سیکرٹری اطلاعات زاہد خان نے بھارتی حکومت سے اپیل کی ہے کہ گنگا نگر راجھستان پولیس سٹیشن میں موجود پانچ سالہ طفیل اسماعیل کو پاکستان واپس بھجوانے کیلئے اقدامات کیے جائیں۔