مورخہ 19فروری 2016ء بروز جمعہ
احتسابی ادارے ویلج اور نیبر ہوڈکونسل کے سیکرٹریز کی بھرتی میں ہونے والی بدعنوانیوں کا نوٹس لیں، سید جعفر شاہ
تمام اضلاع میں اہل اور پوزیشن ہولڈرز درخواست دہندگان احتجاج کے سہارے اپنے حقوق کی جنگ لڑ رہے ہیں
حکمران چور مچائے شور کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں، ٹاپ پوزیشن ہولڈرز کوکھڈے لائن لگا کر من پسند افراد کو بھرتی کیا

پشاور ( پ ر ) عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما اور ایم پی اے سید جعفر شاہ نے ویلج کونسل اور نیبر ہوڈکونسل کے سیکرٹریز کی بھرتی میں ہونے والی بدعنوانیوں اور اقربا ء پروری پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور صوبائی حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ اہل اور کوالیفائیڈ لوگوں کی حق تلفی کر کے صوبائی حکومت نے کرپشن کی بد ترین مثال قائم کر دی ہے ، اے این پی سیکرٹریٹ سے جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ این ٹی ایس میں ٹاپ پوزیشن ہولڈرز کوکھڈے لائن لگا کر حکومتی ایم پی ایز نے انتظامیہ پر دباؤ ڈالا اور من پسند افراد کو بھرتی کیا جو انصاف کے دعوؤں پر سوالیہ نشان ہے، سید جعفر شاہ نے کہا کہ صوبے کے تمام اضلاع میں اہل اور پوزیشن ہولڈرز درخواست دہندگان احتجاج کا سہارا لے کر اپنے حقوق کی جنگ لڑ رہے ہیں،لیکن صوبائی حکومت ٹس سے مس نہیں ہو رہی ، انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کرپشن کے خلاف اور میرٹ کے نام نہاد دعوے کر رہی ہے جو سراسر جھوٹ کا پلندہ ہیں اور حکمران چور مچائے شور کے مصداق پالیسی پر عمل پیرا ہیں انہوں نے احتسابی اداروں سے کہا کہ وہ صوبہ بھر میں سیکرٹریز کی بھرتیوں میں ہونے والے گھپلوں اور اقرباء پروری کی تحقیقات کریں اور حکومت کا چہرہ عوام کے سامنے بے نقاب کریں۔