مورخہ : 5.4.2016 بروز منگل

کسٹم ایکٹ کے خلاف عوامی نیشنل پارٹی کا 10 اپریل کو ملاکنڈ ڈویژن کی سطح پر آل پارٹیز کانفرنس کا اعلان
آل پارٹیز کانفرنس 10 اپریل کو دوپہر 2 بجے فشنگ ہٹ چکدرہ میں منعقد ہوگی۔
تمام سیاسی ، مذہبی اور سماجی قوتوں کے علاوہ سابقہ اور موجودہ منتخب نمائندگان ، عہدیداران اور ناظمین سمیت اہم حلقوں کو دعوت نامے جاری کیے جائیں گے۔
آل پارٹیز کانفرنس کے انعقاد کا مقصد کسٹم ایکٹ سے متعلق معاملات کا جائزہ لینا اور اس پر اتفاق رائے کا راستہ ہموار کرنا ہے۔

پشاور ( پریس ریلیز) عوامی نیشنل پارٹی نے ملاکنڈ ڈویژن میں کسٹم ایکٹ کے نفاذ کے حکومتی فیصلے کے خلاف آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا اعلان کر دیا ہے جو کہ 10 اپریل کو چکدرہ میں منعقد ہو گی۔
اے این پی سیکرٹریٹ سے جاری کردہ بیان کے مطابق اے این پی نے 10 اپریل بروز اتوار دوپہر 2 بجے فشنگ ہٹ چکدرہ میں آل پارٹیز کانفرنس طلب کر لی ہے۔ پارٹی فیصلے کے مطابق بھی آل پارٹیز کانفرنس میں ملاکنڈ ڈویژن کی تمام نمائندوں ، سیاسی ، مذہبی اور سماجی رہنماؤں اور عہدیداروان ، صاحب الرائے شخصیات، سابقہ ، موجودہ ممبران اسمبلی ، سینیٹرز ، ضلع و تحصیل ناظمین ، تاجروں ، ٹریڈرز ، کنٹریکٹرز ، ممبر آف کامرس ، صحافیوں ، وکلاء ، ڈاکٹروں ، طلباء اور سول سوسائٹی کو شرکت کی دعوت دی جائیگی اور اس مقصد کیلئے تمام حلقوں اور طبقوں کو باقاعدہ دعوت نامے جاری کیے جائیں گے۔
پارٹی بیان کے مطابق آل پارٹیز کانفرنس کے ذریعے ملاکنڈ ڈویژن اور کوہستان میں نافذ کردہ کسٹم ایکٹ کے خلاف علاقے کے نمائندہ قوتوں کو موقع فراہم کیا جائیگا تاکہ وہ اس ایشو پر اپنے اپنے موقف اور تحفظات کا اظہار کریں۔ تاکہ اس کی روشنی مٰں آئندہ کا لائحہ عمل ترتیب دیا جا سکے۔