مورخہ : 6.4.2016 بروز بدھ

آئندہ پارٹی ٹکٹس فرد واحد کی بجائے کارکنوں کی مشاورت سے الیکشن سے چھ ماہ قبل جاری کیے جائیں گے۔حیدر خان ہوتی
ٹکٹوں کے اجراء سے قبل کارکنوں اور پارٹی تنظیموں سے مشاورت کی جائیگی۔ انتخابی مہم کیلئے بھرپور وقت دیا جائیگا۔
کارکنوں اور تنظیموں کو فعال بنانے کیلئے صوبہ بھر کے صوبائی حلقوں کے دورے کیے جائیں گے۔
انتخابات سے قبل پارٹی کو مضبوط بنانے کیلئے ابھی سے تیاریاں شروع کی جائیں۔
کارکنوں اور تنظیموں کی مرضی سے ٹکٹ جاری کرنے کا آغاز ہم نے پی کے 8 پشاور کے ٹکٹ دینے کے فیصلے سے کر دیا ہے۔
پی کے 25 کی ورکنگ کمیٹی اجلاس سے خطاب

پشاور( پریس ریلیز )سابق وزیراعلیٰ اور اے این پی کے صوبائی صدر امیرحیدرخان ہوتی ایم این اے نے کہاہے کہ آئندہ پارٹی ٹکٹیں فردواحد کے بجائے کارکنوں کی مشاورت سے انتخابات سے 6ماہ قبل جاری کئے جائیں گے۔ پارٹی کی ذیلی تنظیمی ڈھانچے اورخواتین تنظیموں کوفعال بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے ،کارکنوں اورورکنگ کمیٹیوں کو فعال بنانے کے لئے صوبہ بھر کے صوبائی حلقوں کے دورے کئے جائیں گے ۔ وہ بدھ کی شام پارٹی کے ضلعی صدر اور ڈسٹرکٹ ناظم حمایت اللہ مایار کے حجرے میں صوبائی حلقہ پی کے 25کے ورکنگ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے جس سے پارٹی کے صوبائی نائب صدر محمد جاوید یوسفزئی ،ضلعی جنرل سیکرٹری لطیف الرحمان اور حمایت اللہ مایار نے بھی خطاب کیا۔ امیرحیدرخان ہوتی نے باہمی اتحاد واتفاق پر زوردیتے ہوئے پارٹی کو مضبوط کر نے اورناراض ساتھیوں کو ساتھ ملاکر آگے جانے کی پالیسی کی ضرورت پر زوردیا اورکہاکہ پارٹی ورکروں کو ان کاجائز مقام دیاجائے گا۔انہوں نے کہاکہ آنے والے عام انتخابات سے قبل پارٹی کو مضبوط اور مستحکم بنانے کے لئے اب سے تیاریاں شروع کی جائیں اور اس مقصد کے لئے آج حلقہ پی کے 25کے تاریخی حلقے سے اس مہم کا آغاز کردیاگیاہے جو پورے صوبے میں پھیلا دیاجائے گا اور صوبائی حلقوں میں جاکر ورکنگ کمیٹیوں کو اعتماد میں لیاجائے گا۔ اے این پی کے صوبائی صدر نے کہاکہ پارٹی ٹکٹوں کی تقسیم کے حوالے سے واضح حکمت عملی پر عمل پیرا ہوگی ٹکٹوں کی تقسیم کے فیصلے فردواحد نہیں کریں گے بلکہ یہ اختیارات کارکنوں اور پارٹی تنظیموں کے پاس ہوگا ۔ اُنہوں نے کہا کہ کارکنوں کی مشاورت سے ٹکٹوں کے اجراء کے اپنے وعدے کو ہم نے حال ہی میں پی کے 8 پشاور کے ٹکٹ جاری کرنے سے عملاً ثابت کیا جہاں ان کی رائے کا احترام کرتے ہوئے ٹکٹ جاری کیا گیا۔انہوں نے کہاکہ امیدواروں کو انتخابات سے چھ ماہ قبل ٹکٹ جاری کئے جائیں گے تاکہ انہیں مہم چلانے کے لئے وقت ملے اورعوامی رابطہ مہم میں آسانی ہو۔ امیرحیدرخان ہوتی نے کارکنوں پر زوردیا کہ تنظیموں کو مضبوط بنانے کے لئے اپنا کردار اداکریں اور ساتھ ہی خواتین تنظیمیں بنانے کے لئے فعال کردار اداکریں ۔انہوں نے حلقہ پی کے 25میں تنظیمیں معاملات ایک ماہ کے اندر اندر مکمل کرنے کی ہدایات دیتے ہوئے کہاکہ وہ اگلے ماہ اس حوالے سے جائزہ اجلاس میں تفصیلات لیں گے ۔